Jul ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • کورونا ویکسین کی قلت ہے، ثروتمند ممالک اپنی اشتہا کم کریں: عالمی ادارۂ صحت

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں کہ جب بہت سے ملکوں کو ابھی کورونا ویکسین دستیاب نہیں ہو سکا ہے، ثروتمند ملکوں کی جانب سے مزید کورونا ویکسین حاصل کرنے کی کوشش نادرست ہے۔

رپورٹ کے مطابق تڈروس ایدہانوم نے کہا ہے کہ کورونا اموات میں پھر اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور دیلٹا وائرس کا قہر مسلسل بڑھ رہا ہے اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ بہت سے ممالک ابھی تک کورونا ویکسین حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی فراہمی میں عالمی سطح پر پیدا ہونے والا شگاف بڑھتا جا رہا ہے اور بعض دولتمند ممالک مزید لاکھوں کی تعداد اضافی ٹیکے حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ بعض ممالک اب تک کورونا ویکسین حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

ان کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت پر دنیا کے بعض ممالک کو کورونا ویکسین کی ترسیل میں سستی برتنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

وینیزوئیلا کے صدر نے کچھ عرصے قبل عالمی ادارہ صحت پر رقم ادا کئے جانے کے باوجود بروقت کورونا ویکسین فراہم کرنے میں ضوابط کی خلافورزی کرنے کا الزام لگایا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا میں اب تک اٹھارہ کروڑ اسی لاکھ لوگ کورونا وائرس میں مبتلا اور چالیس لاکھ پچپن ہزار نو سو ترسٹھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ٹیگس