روس، نئے سپر سونک میزائیل کی رونمائی
روس نے سپر سونک کروز میزائیل کی نئی نسل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق "ایڈمرل گروشکوف" بحری جہاز سے داغا جانے والا میزائيل 350 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اپنے زمینی ہدف پر جاکر لگا۔
روسی وزارت دفاع سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ " زیرکان " قسم کا یہ ميزائیل آٹھ ہزار چھے سو تینتالیس میل فی گھنٹ کی رفتار کو عبور کرگيا جو اس میزائیل کی ایک اہم اور نمایاں ترین خصوصیت شمار ہوتی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے بحری جہاز سے کامیابی کے ساتھ اپنے زمینی ہدف کو نشانہ بنائے جانے کے پیش نظر روسی آبدوزوں اور فوجی گاڑیوں کو بھی اس میزائیل سے لیس کیا جا رہا ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے سنہ 2018 کے موسم بہار کے آغاز میں اپنے ایک خطاب کے دوران کہا تھا کہ سپرسونک قسم کے میزائيل ہمارے ملک کے نئی نسل کے ہتھیار شمار ہوتے ہیں جن کے ذریعے دنیا کے ہر مقام کو ٹارگٹ کیا جا سکتا ہے۔
صدر پوتین کا کہنا تھا کہ یہ میزائیل امریکی ساخت کے دفاعی ميزائیلی سسٹم کو باآسانی عبور کرکے اپنے ہدف کو نشانا بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔