عالمی ادارہ صحت کا انتباہ
صحت کی عالمی تنظیم ڈبلیو ایچ او نے دنیا میں کورونا کے از سر نو پھیلاؤ اور اس کے نتائج کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر تدروس ادھانوم نے نوول کورونا وائرس کی مختلف اقسام کے تیزی کے ساتھ پھیلاؤ کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس وائرس کے مقابلے کے طریقہ کار میں بھرپور تبدیلیاں نہ کی گئیں تو آئندہ سال کے اوائل تک دنیا بھر میں وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تیس کروڑ سے تجاوز کرجانے کا امکان ہے۔
ڈاکٹر تدروس ادھانوم نے واضح کیا کہ چھے ماہ پہلے دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد دس کروڑ سے زیادہ ہوئی تھی اور پچھلے ہی ہفتے یہ تعداد بیس کروڑ سے پار کرگئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے مزید کہا کہ دنیا میں اس نامعلوم وائرس کے مریضوں کی حقیقی تعداد رجسٹرڈ کیسوں سے کہیں زیادہ ہے۔عالمی ادارہ صحت کے محکمہ ایمونائیزیشن اینڈ ویکسین کی ڈائریکٹر کیتھرین اوبرائن نے بھی کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جو صورتحال پیش آرہی ہے وہ یہ ہے کہ اس وائرس کی زیادہ تیزی سے پھیلنے والی اقسام جنم لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانے کی ضرورت ہے تاکہ اجتماعی تحفظ کی سطح تک پہنچا جاسکے۔
جان ہوپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بیس کروڑ چھیالیس لاکھ اٹھاسی ہزار افراد سے تجاوز کرچکی ہے۔دوسری جانب فرانس کے صدر نے اپنے ملک میں نظام صحت کی ابتر صورتحال کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔عمانوئیل میکرون نے اپنے ایک بیان میں قوم سے بیدار ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کی وجہ سے ہمارا نظام صحت شدید دباؤ میں ہے اور صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے لہذا احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
فرانس میں روزانہ ہر ایک ہزار افراد میں سے دوسو پینتس افراد کورونا میں مبتلا ہو رہے ہیں۔صدر عمانوئیل میکرون نے کہا ہے کہ ہمیں کورونا کے ساتھ رہنے کا عادی بننا ہوگا اور پوری قوم کو ویکسین لگانا ہمارا اولین ہدف ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران فرانس میں اٹھائیس ہزار پانچ سو چھہتر افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں اور اڑسٹھ افراد اس بیماری کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ فرانس میں کورونا کے آغاز سے اب تک تریسٹھ لاکھ انتالیس ہزار پانچ سو سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ بارہ ہزار تین سو سے زائد افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔