امریکہ کو کابل کے سقوط کرجانے کا پہلے سے علم تھا
فوکس نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت امریکہ کو فوجی انخلا کی صورت میں کابل کے جلد سقوط کرجانے کا پہلے سے علم تھا۔
مذکورہ چینل کے مطابق افغانستان میں امریکی سفارت خانے کے اعلی عہدیداروں نے رازدارنہ چینلوں سے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کو اس طرح کے کئی پیغامات ارسال کیے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ فوجی انخلا کی صورت میں کابل بہت جلد سقوط کر جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کابل کے طالبان کے ہاتھوں سقوط کرجانے کے پیغامات ایک ماہ قبل امریکی وزیر خارجہ کو ارسال کیے گئے تھے۔
فوکس نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے تقریبا بیس عہدیداروں نے اپنے الگ الگ اور خفیہ پیغامات میں وزیر خارجہ بلنکن نیز وزارت خارجہ کے ایک اور اعلی عہدیدار کو بتلا دیا تھا کہ کابل کے سقوط کرنے کا خطرہ پایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی فوجی انخلا کے ساتھ ہی طالبان نے افغانستان کے مختلف شہروں پر حملے تیز کردیئے تھے اور پندرہ اگست کو وہ پیشقدمی کرتے ہوئے کابل میں داخل ہوگئے تھے۔