امریکہ، ہندوستان اور برازیل کورونا کے سب سے بڑے شکار، لامبدا ویرینٹ سے ماہرین کو تشویش
امریکہ میں اڑتیس ملین افراد کورونا کا شکار ہیں اور یوں کورونا کا سب سے زیادہ پھیلاؤ امریکہ میں ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ گیارہ ہزار ایک سو چونتیس افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد اڑتیس ملین نو لاکھ اڑسٹھ ہزار دو سو پنچانوے ہوگئی ہے۔
اب تک چھے لاکھ اڑتالیس ہزار ایک سو اکسٹھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
ہندوستان میں کورونا مریضوں کی تعداد بتیس ملین سے زیادہ اور برازیل میں بیس ملین سے زیادہ ہے اور یہ دونوں ممالک کورونا کے پھیلاؤ کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ امریکہ کے بعد ہندوستان اور اس کے بعد برازیل میں بالترتیب کورونا مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
یہ اعداد و شمار ایسے عالم میں سامنے آرہے ہیں کہ دنیا کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ لامبدا کا سامنا کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق لامبدا کورونا وائرس میں جینیٹک لحاظ سے پھیلنے اور اینٹی باڈیز کو غیرموثر بنانے کی زیادہ صلاحیت ہے اور اسی بنا پر طبی ماہرین نے اپنی پوری توجہ کورونا کے اصلی ویرینٹ حتی کورونا پلس سے ہٹا کر لامبدا وائرس پر مرکوز کر لی ہے۔