پاکستان و ہندوستان میں کورونا کے یومیہ مریضوں کی تعداد میں پھر اضافہ
ہندوستان کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے اسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے سینتالیس ہزار بانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید پانچ سو نو افراد لقمہ اجل بن گئے ۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے تین لاکھ نواسی ہزار پانچ سو تراسی ہوگئی ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح بڑھ کے ایک اعشاریہ ایک نو فیصد اور شفایابی کی شرح کم ہوکے ستانوے اعشاریہ چار آٹھ ہوگئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا سے اموات کی شرح ایک اعشاریہ تین چار فیصد بتائی گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بدھ کو اکیاسی لاکھ نو ہزار دو سو چوالیس افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں اب تک چھیاسٹھ کروڑ، تیس لاکھ سینتس ہزار تین سو چونتس افراد کو، کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔
ادھرپاکستان کورونا کی چوتھی لہر میں شدت کی خبر ہے ۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے بتایا ہے کہ اس وقت ملک کے اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ انھوں نے بتایا ہے کہ انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں کورونا کے بدحال مریضوں کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ اسپتالوں میں لائے جانے والے والے کورونا کے مریض ڈیلٹا ویریئنٹ سے متاثر پائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چار ہزار ایک سو تین نئے مریضوں اور نواسی اموات کا اندراج کیا گیا ۔ پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پچیس ہزار نو سو اٹھتر ہوچکی ہے جبکہ بانوے ہزار نو سو اکتالیس افراد زیر علاج ہیں جن میں سے چار ہزار سات سو سترہ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ دنیا میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بائیس کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ اموات پنتالیس لاکھ پینتالیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں.
دنیا بھر میں ایک کروڑ ستاسی لاکھ کے قریب کورونا کے مریض زیر علاج ہیں جن میں سے ایک لاکھ پانچ ہزار کے قریب تشویشناک حالت میں ہیں ۔کورونا سے متاثرین اور اموات میں امریکا بدستور سب سے آگے ہے جہاں متاثرین کی تعداد چار کروڑ تین لاکھ تیس ہزاڑ سات و بارہ اور اموات چھے لاکھ انسٹھ ہزار نو سو ستائیس ہوچکی ہیں ۔