صدر رئيسی اور پوتین نے ٹیلی فونی گفتگو کی ، جلد ملاقات کی امید
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو فون کرکے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر کورونا کی بیماری کی وجہ سے وہ قرنطینہ میں ہیں تاہم وہ چاہتے ہيں کہ دونوں ملکوں کے سربراہوں کی جلد از جلد ملاقات کے مقدمات فراہم کئے جائيں ۔
ایوان صدارت کے مطابق ، روسی صدر نے کورونا کے سد باب اور اسی طرح اسپوتنک ویکسین کی مشترکہ پیداوار میں دونوں ملکوں کے تعاون کا ذکر کیا اور اس قسم کے تعاون کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے بھی کہا کہ تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے ۔ آیت اللہ رئیسی نے اسی طرح کورونا اور خاص طور پر ویکسین کی پیداوار کے سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون جاری رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا سے اس مہلک بیماری کے نام و نشان مٹنے تک اس قسم کے تعاون کا جاری رہنا بے حد ضروری ہے ۔
واضح رہے اس سے قبل یہ کہا گیا تھا کہ ایران اور روس کے صدور ، شنگھائی اجلاس میں ایک دوسرے سے ملاقات کریں گے لیکن اب یہ ملاقات ملتوی کر دی گئي ہے ۔