Sep ۱۵, ۲۰۲۱ ۲۱:۴۱ Asia/Tehran
  • دنیا میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بائیس کروڑ ستاون لاکھ سے متجاوز

دنیا میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بائیس کروڑ ستاون لاکھ سے متجاوز اور مرنے والوں کی تعداد چھیالیس لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینیرنگ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے ایک سو بانوے ملکوں میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بائیس کروڑ ستاون لاکھ اٹھتر ہزار ایک سو سڑسٹھ ہوچکی ہے جبکہ چھیالیس لاکھ اڑتالیس ہزار ایک سو پینتالیس افراد اس موذی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر تیزی آگئی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکا میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چار کروڑ تیرہ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور مرنے والوں کی تعداد چھے لاکھ ترسٹھ ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔
کورونا متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہندوستان اور تیسر نمبر پر برازیل آتا ہے لیکن مرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے برازیل دوسرے نمبر پر اور ہندوستان تیسرے پر ہے ۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ستائیس ہزار ایک سو چھہتر نئے مریضوں کا اندراج ہوا اور دو سو چوراسی کورونا کے مریض جان کی بازی ہار گئے۔ اس دوران ہندوستان میں مزید اڑتیس ہزار سے زائد کورونا کے مریض شفایاب ہوئے۔
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بڑھ کے تین کروڑ تینتس لاکھ اکسٹھ ہزار سات سو پچپن ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ تینتالیس ہزار چار سو ستانوے افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تین لاکھ اکیاون ہزار ستاسی افراد زیر علاج ہیں اور تین کروڑ پچیس لاکھ بائیس ہزار ایک سو اکہتر افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
ادھر پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں دو ہزار سات سو چودہ افراد کورونا میں مبتلا ہوئے اور دس ہزار نو سو تیئس کورونا کے مریض شفایاب ہوئے ۔ اس دوران مزید تہتر کورونا کے مریض دم توڑ گئے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بارہ لاکھ بارہ ہزار آٹھ سو نو ہوچکی ہے جن میں سے چھبیس ہزار نو سو اڑتیس لقمہ اجل بن چکے ہیں، ستتر ہزار پانچ سو بتیس زیر علاج ہیں اور گیارہ لاکھ آٹھ ہزار تین سو انتالیس افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت نے بھی بدھ کو بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا کے مزید چار سو باون مریض انتقال کرگئے۔
اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں انیس ہزار سات سو اکتس افراد کورونا میں مبتلا ہوئے۔
ایران میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ترپن لاکھ ساٹھ ہزار تین سو ستاسی ہوچکی ہے جن میں سے ایک لاکھ پندرہ ہزار چھے سو انیس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور چھیالیس لاکھ چون ہزار پانچ سو اٹھاون کورونا کے مریض شفایاب ہوچکے ہیں ۔

ٹیگس