لندن میں سامان حرب کی نمائش کے خلاف مظاہرے
سیکڑوں جنگ مخالفین نے لندن میں شروع ہونے والی فوجی نمائش کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایکسل کے نام سے سامان حرب کی یہ نمائش مشرقی لندن میں کڑے حفاظتی انتظامات اور جنگ کے مخالفین کے مظاہروں کے درمیان آج سے شروع ہوگئی ہے۔
مظاہرے میں شریک ایک جنگ مخالف کارکن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جنگیں ایسی نمائشوں کے ذریعے شروع ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت جنگوں کے معاہدے اس طرح کی نمائشوں کے دوران طے پاتے ہیں۔
جنگ مخالف مظاہرے میں شریک ایک اور شخص نے کہا کہ جب تک عسکری نمائشیں ہوتی رہیں گی، دنیا کو چین نصیب نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں فلسطین کا پرچم اپنے ساتھ لایا ہوں کیونکہ حکومت برطانیہ اسرائیل کو بم اور میزائیل فروخت کرتی ہے جن کے ذریعے اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام کرتا ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں بموں اور جنگی ساز وسامان کا ترسٹھ فی حصہ امریکہ اور برطانیہ فروخت کرتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر ہتھیار مغربی ایشیا کے ملکوں اور خاص طور سے سعودی عرب کو فروخت کیے جاتے رہے ہیں۔