Sep ۱۸, ۲۰۲۱ ۰۸:۲۸ Asia/Tehran
  • افغانستان کے تعلق سے شنگھائی تعاون تنظیم کے 4 رکن ملکوں کا مشترکہ بیان

ایران، روس، چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے جمعہ کو افغانستان کے تعلق سے شنگھائی تعاون تنظیم کے چار رکن ملکوں کے اجلاس کا مشترکہ بیان جاری کیا۔  اس بیان میں افغانستان اور پورے علاقے میں امن و صلح اور استحکام کی برقراری کے لئے ان ملکوں کے عزم و ارادے پر تاکید کی گئی ہے۔

ارنا کے مطابق اس مشترکہ بیان میں آیا ہے کہ ایران، پاکستان، روس اور چین کے وزرائے خارجہ نے دوشنبہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر افغانستان کے حالات کے بارے میں گفتگو کی۔ان ملکوں نے افغانستان سمیت پورے خطے میں صلح، سیکورٹی اور امن و استحکام کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہاہمی تعاون پر  زور دیا ہے۔

چاروں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے افغانستان کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے احترام پر بھی زور دیا۔ ان چاروں ممالک نے اُن ملکوں کے ساتھ گفتگو کی ضرورت پر زور دیا ہے جو افغانستان میں جنگ کے بعد اس ملک کی اقتصادی و سماجی صورتحال میں اصلاح کی ذمہ داری لیں اور اسے فوری اقتصادی و انسانی امداد پیش کریں۔

ایران، پاکستان، روس اور چین نے افغانستان میں قومی آشتی اور ایک وسیع البنیاد حکومت کا مطالبہ کیا ہے جو افغانستان میں سبھی قومی اور سیاسی دھڑوں کے مفادات کو مدنظر رکھے۔ایران، پاکستان، چین اور روس کے وزرائے خارجہ نے افغانستان کے تعلق سے باہمی ہم آہنگی اور تبادلہ خیال کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

ٹیگس