افغانستان میں انسانی المیے کے بارے میں اقوام متحدہ کا انتباہ
اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے افغانستان کی موجودہ صورت حال پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کو سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے۔
انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مارٹین گریفھتس نے انتالیا ڈپلومیسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی مدد کے لئے ستمبر میں جنیوا میں ہونے والے اقوام متحدہ کے اجلاس میں سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوترش کی اپیل کا بھرپور جواب ملنے کے باوجود اس ملک کو اب بھی بدترین صورت حال کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے نے یاد دہانی کرائی کہ جنیوا اجلاس میں مجموعی طور پر افغانستان کے لئے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی مدد کا وعدہ کیا گیا۔
گریفھتس نے کہا کہ ہمیں طالبان قیادت کے ساتھ مفاہمت آمیز بین الاقوامی مشارکت کی ضرورت ہے تاکہ پورے ملک میں افغان عوام کے لئے مؤثر طور پر کام کر سکیں۔
رپورٹوں کے مطابق سن دو ہزار اکیس میں افغانستان کے مختلف علاقوں کے ساٹھ لاکھ سے زیادہ افراد بےگھر ہو گئے ہیں۔ افغانستان کے بہت سے عوام ، ملک کی موجودہ صورت حال کو امریکہ کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔