Oct ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • دنیا امریکہ سے آگے نکل گئی ہے، جوبائیڈن کو یقین آگیا

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر اعتراف کیا ہے دنیا امریکہ کے آگے نکل گئی ہے۔

  ریاست کنیکٹیکٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن  کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا میں ایک عرصے تک سب سے آگے رہا ہے لیکن آج دنیا ہم سے آگے نکل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں ہمارا انفرا اسٹرکچر دنیا  کا بہترین بنیادی ڈھانچہ  ہوا کرتا تھا لیکن عالمی اقتصادی اجلاس کے جائزے کے مطابق، آج امریکہ ،  انفرا اسٹرکچر کے میدان میں تیرھویں نمبر پر ہے۔

جوبائیڈن نے کہا ہے ہماری سڑکوں، پلوں اور شاہراہوں کی حالت ہمارے انفراسٹرکچر کی زبوں حالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ میں چالیس ہزار اسکولوں میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں اور بچے سیسہ ملا پانی پینے پر مجبور ہیں ۔  صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکہ کی پانچ سو بڑی کمپنیوں میں پچاس نے گزشتہ سال کوئی ٹیکس ادا نہیں  کیا جبکہ  انہوں نے پچاس ارب ڈالر کا منافع کمایا ہے۔

 کچھ عرصہ قبل امریکن سول انجینئرز ایسوسی ایشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ملک کے بنیادی ڈھانچے کی اصلاح کے لیے ڈھائی ٹریلین ڈالر سے زیادہ کی رقم درکار ہے۔

پچھلے بیس سال کے دوران امریکہ کی بیرونی جنگوں پر آنے والے اخراجات، دوسرے ملکوں کے خلاف عائد کی جانے والی خود سرانہ پابندیوں اور کورونا وائرس نے امریکی معیشت کی چولیں ہلاکر رکھی دیں ہیں۔

 

ٹیگس