اسرائیل پر سائبر حملہ، صیہونی میڈیا کا دعوی، ہیکر ایرانی تھے
صیہونی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے کچھ اہم کمپیوٹر سرورز پر بلیک شیڈو نامی ہیکر گروپ نے سائبر حملہ کیا ہے اور حملہ آوروں کے ایران سے روابط ہیں۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل-12 کی رپورٹ کے مطابق ایک سال میں اسرائیلی سرورز پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے اور ہیکرز نے یہ پیغام دیا ہے کہ: ایک بار پھر سلام، آپ کے لیے ایک بار پھر ایک خبر ہے، جی ہاں، آپ نے سائبر… حملہ کیا۔
اس حملے میں نشانہ بننے والی اسرائیلی کمپنیوں میں سے پہلی کیویم ٹرانسپورٹ کمپنی نے سائبر حملے کا اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور اہم کمپنی Saberserve ہے جس پر حملہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے اس حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے دعوے کے باوجود تہران نے ابھی تک سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب ایران کے غیر فوجی دفاعی سسٹم کے شعبے کے سربراہ جنرل غلام رضا جلالی نے کہا ہے کہ ایران کے ایندھن کی ترسیل کے نظام یا پیٹرول پمپس پر امریکا اور صیہونی حکومت کی جانب سے سائبر حملہ کیا گیا ہے۔
ایران کے ٹی وی چینل-1 سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل جلالی نے کہا کہ اس حملے میں میڈل ویئر کے حصے کو نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ بہت پیچیدہ حملہ ہے۔ ریلوے اور شہید رجائی بندرگاہ پرکئے گئے سائبر حملوں کی طرح یہ حملہ بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو ایران کے ایندھن کی ترسیل کے نظام پر حملے کے بعد لوگوں کو پیٹرول پمپس پر الیکٹرانک کارڈ سے پیٹرول لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ایرانی ماہرین نے اس مسئلے کا حل تلاش کرلیا۔