پرتگال میں پارلیمنٹ تحلیل، 30 جنوری کو عام انتخابات کا اعلان
پرتگال کے صدر نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے اور آئندہ برس 30 جنوری کو نئے عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پرتگال کے صدر مرسولو ریبیلو ڈی سوسا نے یہ اعلان جمعرات کو قوم سے اپنے خطاب میں پرتگال میں برسراقتدار سوشلسٹ پارٹی کی حکومت کے آنے والے سال کے بجٹ کو پارلیمنٹ کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کو حل کرنے کے سلسلے میں کیا۔
45 سالوں میں یہ پہلا موقع تھا جب پرتگال کی پارلیمنٹ نے ملکی بجٹ کی منظوری نہیں دی ۔ اس کے ساتھ ہی صدر نے پارلیمنٹ میں بحث سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر بجٹ کو مسترد کیا گیا تو وہ پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیں گے اور جلد ہی نئے انتخابات کروائیں گے۔
پرتگال کا آئین پارلیمنٹ کی تحلیل کے 60 دن کے اندر انتخابات کا حکم دیتا ہے۔
قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے پرتگال میں اکسیمیج (Aximage) ادارے کی جانب سے ہونے والے سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس ملک کے 54 فیصد عوام کا کہنا ہے کہ قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ درست نہیں ہے اس لئے کہ کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کیلئے واضح اکثریت حاصل نہیں ہو گی۔