فلسطینیوں کے ہاتھوں اسرائیل کے 2 جاسوس گرفتار
فلسطین کی ایک استقامتی تنظیم نے اسرائیل کے 2 جاسوسوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی نے جمعے کی شام صیہونی حکومت کی جلبوع جیل سے چھے فلسطینیوں کے بھاگ نکلنے کے بارے میں ایک دستاویزی ویڈیو رپورٹ شائع کی ہے جس میں تحریک آزادی نامی گروہ اعلان کرتا ہے کہ اس نے صیہونی حکومت کی جاسوسی تنظیم موساد کے دو افسروں کو ڈیوٹی سے الگ خفیہ سیکورٹی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے.
اس ویڈیو کے ایک حصے میں دکھایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کا ایک افسر ڈیوڈ بن روزی ایسی حالت میں کسی نامعلوم جگہ سے گرفتار کیا گیا ہے جب وہ قیدیوں کی یونیفارم میں ہے اور خود کو پیٹروکیمیکل کا ماہر بتا رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ہم دو اسرائیلی یہاں ہیں، ہمیں مدد کی ضرورت ہے۔
گرفتار کئے جانے والے دوسرے شخص کا نام ڈیوڈ ببری بتایا گیا ہے، وہ بیت المقدس میں صیہونی کالونی معالی آڈومیم کا رہنے والا ہے۔
تحریک آزادی نامی گروہ نے یہ نہیں بتایا کہ ان دونوں صیہونی افسروں کو کہاں سے یرغمال بنایا گیا ہے تاہم ان کی رہائی کو فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے مشروط کیا ہے۔ صیہونی حکومت نے اس ویڈیو پر اب تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔