مغربی دنیا وحشتناک حد تک رونا کی لپیٹ میں، فرانس کو کورونا کی سونامی کا سامنا،
مغربی دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ نے وحشتناک شکل اختیار کرلی ہے۔
امریکا اوریورپ میں کورونا ایک بار پھر بے قابو ہوتا نظر آرہا ہے۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے85 فیصد سے زائد مریض امریکا، یورپ اور کنیڈا میں درج کئے گئے ہیں۔
واشنگٹن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعے کو صحت سے متعلق اداروں نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 4 لاکھ سے زائد نئے کورونا مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول، سی ڈی سی نے اعلان کیا ہے کہ جن لوگوں کو کورونا کا ویکسین لگ چکا ہے وہ بھی نئی لہر کا شکار ہورہے ہیں۔
امریکا کے بعد فرانس دوسرا ملک ہے جہاں کورونا تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔
فرانسیسی وزارت صحت نے پارلیمنٹ کے خصوصی کمیشن میں جو رپورٹ پیش کی ہے اس میں کہا ہے کہ فرانس کو کورونا کی سونامی کا سامنا ہے۔
فرانسیسی وزیر صحت اولیور ویران نے بتایا ہے کہ ملک میں 10 لاکھ سے زائد لوگ کورونا کی نئی قسم اومیکرون میں مبتلا ہوچکے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ کورونا کی نئی لہر کی شدت کے بعد بازاروں اور دواؤں کی دکانوں پر کورونا کے خودکار ٹیسٹ کا آلہ خریدنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ لگ گئی ہے۔
فرانس میں کورونا کی نئی لہر میں شدت کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پائی جاتی ہے اور نئے عیسوی سال کی تقریبات بھی متاثر ہوئی ہیں۔
تازہ رپورٹوں کے مطابق فرانس میں کورونا میں مبتلا ہونے کی شرح ہر 1 لاکھ میں 2000 سے زائد ہے ۔فرانسیسی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ فی سکنڈ 2 افراد کورونا میں مبتلا ہورہے ہیں ۔
ادھر برطانیہ میں کورونا ویکسین کے مخالفین نے لندن کے شمال میں واقع ملٹن کینز میں، کورونا ویکسین کے دھوکے میں ، کورونا وائرس کی ایک لیب پر حملہ کردیا۔
برطانیہ کے ویکسین مخالفین نے ملٹن کینز میں فریڈم ریلی کے عنوان سے ریلی نکالی تھی ۔ مظاہرین نے کورونا سے متعلق پابندیوں کی مخالفت میں نعرے لگائے ۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ ایک دن قبل برطانیہ میں 1 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوئے تھے۔
برطانیہ میں اب تک 1 کروڑ 25 لاکھ سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
اس دوران رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ایک دن میں 10 لاکھ سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں دنیا کے مختلف ملکوں میں 73 لاکھ سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر میں اکتوبر کے وسط سے تیزی آئی ہے۔