Jan ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • قزاقستان میں بلوائیوں کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کا حکم

قزاقستان میں پرتشدد مظاہروں کے بعد صدر تاکایف نے سیکورٹی فورسز کو حکم دیا ہے کہ وہ بلوائیوں کو دیکھتے ہی گولی مار دیں

قزاقستان کے صدر نے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری بدامنی میں غیر ملکیوں کا ہاتھ ہے انہوں نے سیکورٹی فورسز کو حکم دیا کہ بلوائیوں کو دیکھتے ہی گولی ماردو -

قزاقستان کے صدر نے کہا کہ روس اور دیگر ملکوں کے فوجی ان کی درخواست پر آئے ہیں اور سیکورٹی کی برقراری تک وہ وقتی طور پر قزاقستان میں موجود رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دیگر ملکوں سے تربیت یافتہ تخریب کار عناصرملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے بھیجے گئے ہیں -

کہا جارہا ہے کہ قزاقستان میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہورہے ہیں جن میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں ۔ اس درمیان روس نے کہا ہے کہ نیٹو پر اپنی قلمرو میں اضافے کا بھوت سوار ہوگیا ہے۔

ماسکو میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے قزاقستان کے حالیہ واقعات کے بارے میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے دوست ملک کے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔

ماریہ زاخارووا نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح سے تربیت یافتہ مسلح گروہ ، طاقت کے زور پر قزاقستان کی سلامتی اور اقتدار اعلی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا روس ، قزاقستان میں تشدد کے خاتمے اور معمولات زندگی بحال کرنے کے لیے قزاق حکومت کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔

ٹیگس