چین کے سرمائی اولمپک میں یو این کے سیکریٹری جنرل کی شرکت
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل چین کے سرمائی المپک کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ارنا نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے اولمپک کھیلوں کو بڑی اہم روداد سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ کھیل لوگوں کو اکٹھا کرنے اور دنیا بھر میں صلح و آشتی کی ترویج میں کھیلوں کے کردار کو بخوبی اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی اہمیت کے پیش نظر وہ تمام تر سیاسی پہلوؤں کو نظر انداز کرتے ہوئے وہ ان کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے جس کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ اولمپک کھیلوں کو صلح و آشتی کی ترویج کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کرنا چاہئے۔ چین میں سرمائی اولمپک کا آغاز چار فروری کو ہونے جا رہا ہے جو بیس فروری تک جاری رہیں گے اور اسکے بعد پھر پیرا اولمپک کا سلسلہ شروع ہوگا۔
ان کھیلوں کی میزبانی سے بیجنگ دنیا کا پہلا ایسا شہر بن جائے گا جس نے گرمائی اور سرمائی دونوں اولمپکس کی میزبانی کی ہے۔
امریکی حکومت اور اسکے چند ہمنوا ممالک نے کچھ عرصے قبل یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا کوئی بھی سفارتکار یا کھلاڑی چین کے سرمائی اولمپک میں نہیں بھیجیں گے تاہم بعد میں وہ اپنے موقف سے پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔
امریکہ نے اپنے اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے دعوا کیا تھا کہ اُس نے چین کے صوبے سین کیانگ میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر احتجاج کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا۔