Feb ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • یوروپ کو سکورٹی کی نظر سے سرد جنگ کے وقت سے سب سے سخت دور کا سامنا ہے: بورل

یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا ہے کہ براعظم یوروپ کو سکورٹی کے لحاظ سے سرد جنگ کے وقت سے سب سے سخت دور کا سامنا ہے۔

جوزف بورل نے پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یوکرین کے مسئلہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے موجودہ حالات میں بر اعظم یوروپ کی صورت حال کو بہت ہی تشویشناک بتایا۔

بورل نے نامہ نگاروں سے کہا کہ یوروپ میں سکورٹی کی موجودہ صورت حال، سب سے دشوار دور میں ہے۔ ہمیں روس-یوکرین سرحد پر ٹکراو بڑھنے کے تعلق سے گہری تشویش ہے۔ میری نظر ہم اس وقت سرد جنگ کے وقت سے سب سے سخت دور میں ہیں، لیکن ہمیں اس بات کا بھی یقین ہے سفارتکاری کا موقع ابھی بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ روس کے ساتھ گفتگو جاری رہنی چاہيئے اور ہمیں ایک دوسرے کی تشویش کو سمجھنا ہوگا تاکہ خطرناک ترین واقعے کو ہونے سے روک دیں۔

یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ لاوروف نے اس یونین کے ممبروں کو ایک خط بھیجا ہے جس میں ان سے روس کی سکورٹی تشویش کو سمجھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ میں اس خط کے جواب کے لئے ضروری ہماہنگی انجام دونگا اور میری ابھی بھی یہی تاکید ہے کہ سفارتکاری کا موقع پوری طرح فراہم ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یوکرین کے مسئلے میں امریکہ کی قیادت میں مغربی فریق نے گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران بار بار یہ دعوی کیا ہے کہ روس نے یوکرین سے ملی اپنی سرحد پر دسیوں ہزار فوجی اس لئے تعینات کئے ہیں تاکہ اس ملک کے خلاف فوجی کارروائی کرے، یہ ایسا دعوی ہے جسے روس خارج کرتا ہے۔

اس کے برخلاف ماسکو کا کہنا ہے کہ مغربی فریق اپنی اکسانے والی باتوں اور بے ثبات کرنے والی پالیسیوں سے یوکرین کو روس کے ساتھ لڑائی کی سمت ڈھکیل رہا ہے۔

ٹیگس