نائجیریا میں امن محافظ کی رضاکار فورس پر مسلح افراد کی فائرنگ، 62 ہلاک
نائجیریا میں امن کی محافظ رضاکار فورس پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں کم سے کم 62 لوگ مارے گئے۔
یہ واقعہ اتوار کی رات نائجیریا کے شمال مغربی صوبے کیبی میں رونما ہوا۔ اس رضاکار گروہ کے سربراہ اور پلیس کے ترجمان کے مطابق، اتوار کی رات کو موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے گھات لگا کر اس گروہ پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگی کی۔
نائجیریا کے شمال مغرب میں کئی بد امنی کا شکار صوبوں میں ایسے رضاکار گروپ ہیں جو گاؤں اور قصبوں کی داعش اور بوکو حرام جیسے دہشتگرد گروہوں سے حفاظت کرتے ہیں۔
کیبی میں مقامی ”یان سا کائے“ نامی گروہ کے سربراہ عثمان ثانی نے بتایا کہ رضاکاروں نے سکابا علاقے میں اتوار کی رات ڈاکوؤں پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا مگر آپریشن شروع ہونے سے قبل خود ان پر حملہ ہو گیا۔ ریٹائرڈ فوجی ثانی نے کہا کہ انہوں نے ہمیں گھیر لیا اور مختلف سمت سے فائرنگ شروع کر دی جس میں اس گروہ کے کم سے کم 62 افراد مارے گئے۔ کیبی پلیس کے ترجمان نافیو ابوبکر نے اس واقعے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اس واقعے میں مارے جانے والوں کی تفیصلات نہیں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جنوری میں موٹر سائیکل پر سوار ایک مسلح گروہ نے کیبی کے ایک گاؤں پر حملہ کر دیا تھا جس میں 50 سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے۔ ان مسلح گروہوں نے پورے شمال مغربی علاقے میں دہشت پھیلا رکھی ہے۔ یہ گروہ وہاں سیکڑوں اسکولی بچوں اور گاؤں کے رہنے والوں کا اغوا بھی کر چکا ہے۔