افغانستان میں لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش پر امریکہ کا ردعمل
افغانستان میں لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش پر عالمی رد عمل سامنے آ گیا ہے۔
افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے قطر میں طالبان اور امریکی وفد کے مابین ہونے والی ملاقات کو التوا میں ڈال دیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت تعلیم نے اپنے سابقہ بیان کے خلاف یہ اعلان کیا تھا کہ ملک میں چھٹی کلاس سے اوپر کی لڑکیوں کے تمام اسکول اور کالج غیر معینہ مدت کے لئے بند رہیں گے۔
افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت تعلیم نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ افغانستان میں جب بھی شریعت کے مطابق لڑکیوں کے اسکول کی ڈریس اور دوسرے مسائل حل کر لئے جائیں گے تب یہ اسکول طالبان رہنما کی ہدایات پر دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔
افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول کالج بند رکھنے کا فیصلہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ اس سے قبل طالبان نے ان اسکولوں اور کالجوں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
افغانستان میں جب سے طالبان کی حکومت قائم ہوئی ہے اس ملک میں لڑکیوں کے اسکول اور کالج بند کر دیئے گئے ہیں جس کی وجہ تعلیمی نظام میں اصلاحات بتائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں تئیس مارچ سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوتا ہے۔