کانگو میں سونے کی معدن پر حملہ، 35 جاں بحق
افریقی ملک کانگو میں سونے کی ایک معدن پر مسلح گروہوں کے حملے میں کم سے کم 35 افراد مارے گئے۔
یہ واقعہ کانگو کے شمال مشرقی صوبے ایتوری میں پیش آیا۔ صوبے ایتوری کے جوگو علاقے کے مونگوالو گاؤں کے ایک عہدیدار ژان پیئر بیک نے بتایا کہ اتوار کی شب سی او ڈی ای سی او گروہ میں شامل افراد نے اس معدن پر حملہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگ 29 لاشوں کی پہچان کر سکے جبکہ 6 جلی ہوئی لاشین معدن کے پاس دفن پائی گئیں۔ پیئر بیک نے بتایا کہ مارے جانے والوں میں ایک چار مہینے کا معصوم بچہ بھی شامل ہے۔
مقامی عہدیدار نے بتایا کہ سونے کی معدن اور فوجی چھاونی کے درمیان فاصلہ زیادہ ہونے کی وجہ سے مدد دیر میں پہونچی۔
کودکو نامی اس گروہ پر اس سے پہلے بھی ایتوری صوبے میں مقامی لوگوں کے قتل عام کا الزام لگا تھا۔
کانگو کے مشرقی علاقوں میں گزشتہ 20 برسوں سے سرکاری فوج اور باغی گروہوں میں جنگ جاری ہے۔