Jun ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۳:۵۲ Asia/Tehran
  • امریکی صدر جوبائیڈن محفوظ مقام پر منتقل

امریکی صدر جوبائیڈن کے گھر کے فضائی زون میں مشکوک طیارہ داخل ہونے پر سیکیورٹی حکام میں کھلبلی مچ گئی جس پر صدر اور ان کی اہلیہ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈیلاویئرمیں امریکی صدر کے بیچ ہاؤس کی فضائی حدود میں ایک مشکوک طیارہ داخل ہوگیا۔ ایک انجن والا چھوٹا طیارہ سیکیورٹی بیریئرز کو عبور کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن کی رہائش گاہ کے انتہائی نزدیک پہنچ گیا۔ جس پر صدر جوبائیڈن کی سیکیورٹی پر مامور افسران کی دوڑیں لگ گئیں ۔ دو F-15 لڑاکا طیارے اور ایک MH-65 ہیلی کاپٹر نے فوری طور پر پرواز بھری اور صدر جوبائیڈن کے گھر کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے چھوٹے طیارے کو باہر نکالا۔

اسی دوران سیکیورٹی حکام نے امریکی صدر کو ان کی اہلیہ جل بائیڈن کے ہمراہ بیچ ہاؤس سے ایک فائر اسٹیشن میں منتقل کردیا۔ اورسیکیورٹی کلیئرنس کے بعد امریکی صدر اور خاتون اوّل واپس رہائش گاہ آگئے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر اور ان کی اہلیہ  ویک اینڈ کی تعطیلات منانے اپنے آبائی علاقے میں واقع اپنے بیچ ہاؤس گئے ہوئے ہیں۔

ٹیگس