تل ابیب میٹرو سسٹم پر بڑا سائبرحملہ
صیہونی حکومت کے میڈیا نے خبردی ہے کہ تل ابیب میٹرو سسٹم پر ایک بڑاسائبر حملہ کیا گیا ہے صیہونی حکومت کے متعدد اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی فائلوں پر اب تک بارہا سائبر حملے ہوچکے ہیں
صابرین نیوز چینل نے پیر کو عبرانی زبان میں شائع ہونے والے صیہونی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراق کے اندر سے تل ابیب میٹرو سسٹم کے کمپیوٹر سرور، کنٹرول مانیٹرزاورڈیٹا سسٹم کو بڑے پیمانے پر سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
صیہونی حکومت کےمختلف اداروں کے کمپیوٹر سسٹم اور ویب سائٹوں کو اب تک کئی بار عراق کے اندر سے سائبر حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے ۔ اس طرح کا تازہ ترین حملہ گذشتہ مہینے کے آخر میں انجام پایا تھا جس میں شارپ بوائے نامی ہیکرز گروپ نے صیہونی حکومت کی سیاحت سے متعلق سائٹوں کو ہیک کرکے مالوار نامی سائبراٹیک کیا تھا ۔ ان سائٹوں پر دوسوافراد کے بارے میں اطلاعات اور ان کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات موجود تھیں۔
دومہینے پہلے بھی عراق سے ہی الطاہرہ نامی سائبرٹیم نے یا لثارات ابومہدی کے سلوگن کے ساتھ صیہونی حکومت کے ٹرانسپورٹ سسٹم اور اس کے بنیادی ڈھانچوں پر بڑا حملہ کرکے صیہونی حکومت کی ٹرانسپورٹ کمپنی کو ناکارہ بنا دیا تھا
صیہونی ذرائع نے حالیہ مہینوں کے دوران مقبوضہ فلسطین میں موجود اہم کمپنیوں پرمتعدد سائبر حملوں کی رپورٹیں شائع کی تھیں۔
عراقی ہیکروں نےگذشتہ تین مہینے کے دوران مسلسل دو روز تک تل ابیب کے بن گورین ایئرپورٹ اور بینکوں کے سرور اور ویب سائٹوں کو ہیک کرکے انھیں دسترس سے دور کئے رکھا اور الطاہرہ نامی گروہ نے صیہونی حکومت کی ویب سائٹوں اور سرور پر سائبر اٹیک کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ انھوں نے صیہونی حکومت کے ٹیلی ویژن چینل نو کو بھی سائبر حملے کا نشانہ بنایا ہے ۔
صیہونی حکومت کی بنیادی تنصیبات پر مختلف گروہوں کے سائبر حملوں اور اہم دستاویزات اور اطلاعات تک رسائی حاصل کرکے انھیں منتشرکردیئے جانے سے سائبر کے میدان میں اس غاصب حکومت کی کھوکھلی بالادستی کا بھرم چکنا چور ہوگیا ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن استقامت کو اپنے وجود کے لئے خطرہ سمجھتا ہے ۔
محمد رعد نے کہا کہ صیہونی دشمن شروع میں ہمیں ایک ٹیکٹیکل دشمن سمجھتا تھا لیکن اب حالت یہ ہوگئی ہے کہ وہ استقامت کو اپنے وجود اور سیکورٹی و فوجی نظام کے لئے خطرہ سمجھنے لگا ہے ۔
لبنانی پارلیمنٹ میں استقامت کے وفادار دھڑے کے سربراہ محمد رعد نے کہا کہ مختلف فریقوں کی جانب سے مزید حصہ لینے کی دوڑ کے بغیرہم جلد سے جلد حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں۔
استقامت کے وفادار دھڑے کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے جلد سے جلد حکومت تشکیل پانا چاہئے تاکہ صدارتی انتخابات کے انعقاد کی تیاری کی جا سکے ۔