Jul ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پکسے مستعفی

سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پکسے نے اپنے استعفیٰ پر دستخط کر دیے ہیں اور پارلیمنٹ کے اسپیکر مہندا یاپا ابھے وردنا بدھ کو عوامی طور پر اس کا اعلان کریں گے ۔

ڈیلی مرر کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پکسے نے استعفیٰ پر دستخط کر دیے ہیں اور استعفیٰ ایک سینئر سرکاری اہلکار کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو اسے پارلیمنٹ کے اسپیکر ابھے وردنا کے حوالے کر دیں گے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے تجارتی مرکز اور دارالحکومت کولمبو میں ہزاروں مظاہرین کی جانب سے پر تشدد مظاہروں کے بعد وزیر اعظم اور صدر نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل سری لنکا میں بدترین معاشی بحران پر احتجاج کرنے والے مشتعل مظاہرین نے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے کے گھر کو آگ لگا دی۔ مظاہرین وزیر اعظم کی نجی رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور اسے آگ لگا دی۔ مشتعل مظاہرین نے وزیر اعظم کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

یاد رہے کہ سری لنکا میں جاری سیاسی و معاشی بحران کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین ایوانِ صدر کا دروازہ توڑ کر رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اندر داخل ہو گئے تھے۔

سیاسی عدم استحکام بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ سری لنکا کے مذاکرات کو نقصان پہنچا سکتا ہے جس میں 3 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ، کچھ غیر ملکی قرضوں کی تنظیم نو اور ڈالر کی قحط کو کم کرنے کے لیے کثیر اور دو طرفہ ذرائع سے فنڈ اکٹھا کرنا شامل ہے۔

ٹیگس