امریکی سینیٹ نے فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، امریکی سینٹ کے پچانوے ارکان نے فن لینڈ اور سوئیڈن کی شمولیت کے حق میں ووٹ دیا ، صرف ایک رکن نے اس کی مخالفت کی۔
فرانس کی پارلیمنٹ نے بھی بدھ کے روز کثرت رائے سے، فن لینڈ اور سویڈن کو نیٹو میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔
فن لینڈ اور سوئیڈن نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد ، نیٹو میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم انہیں ابتدا میں ترکیہ کی سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعدازاں بعض مراعات کے بدلے انقرہ نے اپنی مخالفت واپس لے لی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ سوئیڈن اور فن لینڈ کی شمولیت اور اس تنطیم کی حمایت کی چتھری تلے آنے کے لیے نیٹو کے تمام تیس رکن ملکوں کی منظوری لازمی ہے۔
روس پہلے ہی مشرقی یورپ کی جانب نیٹو کی توسیع کو اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ اور کشیدگی میں اضافے کا سبب قرار دے چکا ہے۔
روسی صدر نے مغرب کی جانب سے ماسکو کی تشویش کو نظرانداز کیے جانے کے بعد رواں سال فروری میں، خطہ دونباس کی جمہوریہ دونیسک اور لوہانسک کی آزادی کو تسلیم کرلیا تھا جس کے بعد یوکرین کے ساتھ اس کی جنگ شروع ہوگئی جو اب چھٹے مہینے میں داخل ہوگئی ہے۔