Sep ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • ملک سے فرار ہونے والے سری لنکا کے سابق صدر وطن واپس پہنچ گئے

معیشتی بدحالی کے خلاف مظاہروں اور احتجاج میں شدت پیدا ہو جانے کے بعد ملک سے فرار ہونے والے سری لنکا کے سابق صدر گوٹابایا راجا پاکسے وطن واپس پہنچ گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج اور مظاہروں کے بعد سابق صدر گوٹا بایا راجا پاکسے جولائی میں ملک سے فرار ہوگئے تھے۔

سابق سری لنکن صدر عارضی ویزے پر تھائی لینڈ میں مقیم تھے اور اب واپس سری لنکا پہنچ گئے ہیں۔ ائیرپورٹ پر سابق صدر سے کچھ وزراء نے ملاقات کی۔

اس سے قبل کہا گیا تھا کہ سری لنکا کے سابق صدر گوٹابایا راجہ پاکسے تھائی لینڈ میں خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے ہفتے کو وطن واپس آ رہے ہیں۔

سری لنکا میں زرمبادلہ کی کمی کے باعث ایندھن اور غذائی اشیا کی قلت نے شدید معاشی بحران کو جنم دیا تھا اور ملک بھر میں حکومت کے خلاف شدید احتجاج اور مظاہرے کئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکومت مخالف مظاہروں میں شدت ہزاروں آ گئی تھی اور مظاہرین نے سری لنکا کے صدارتی محل پر دھاوا بول کر اُسے اپنے قبضے میں لے لیا تھا تاہم پہلے ہی صدر اور وزیرِ اعظم کو صدارتی محل سے بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

سابق صدر راجہ پاکسے ملک سے فرار ہو کر مالدیپ، سنگاپور اور پھر تھائی لینڈ چلے گئے تھے۔ انہوں نے فرار ہونے کے بعد سری لنکا کے عہدۂ صدارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس صورتِ حال کے بعد سری لنکا کے قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے کو نیا صدر منتخب کیا گیا تھا۔

ٹیگس