افریقی ملک مالی میں داعش کا حملہ، دسیوں جاں بحق
افریقی ملک مالی میں دہشت گرد گروہ داعش کے حملے میں تیس سے زائد افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے یہ حملہ مالی کے شمالی شہر گاؤ کے نواحی علاقے تالاتائی میں کیا۔ اس حملے میں تیس سے زائد افراد مارے گئے ہیں تاہم ان کی صحیح تعداد کے بارے میں حکام نے کچھ نہیں بتایا۔ رواں سال کے آغاز میں بھی دہشت گرد گروہ داعش نے، ٹے سٹ نامی علاقے پر حملہ کرکے چالیس عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
اس سے پہلے اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ رواں سال جنوری سے مارچ تک مالی میں فوج اور مسلح ملیشیاؤں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کم سے کم پانچ سو عام شہری مارے جا چکے ہیں۔
مالی براعظم افریقہ کا غریب ترین ملک ہے اور اسے القاعدہ، داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اس کی معاشی حالت مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے۔