Sep ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکہ کی وجہ سے دنیا ایٹمی جنگ کے دھانے پر پہنچ گئی، بیلاروس

بیلاروس کے صدر نے ایک بار پھر ایٹمی جنگ شروع ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے تمام سیاسی اور فوجی تنازعات میں امریکہ ملوث ہے۔

الیگزینڈر لوکاشنکو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں ہونے والی حالیہ تمام جنگوں میں امریکہ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے جنگوں کے پس پردہ امریکی اہداف کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ صورتحال جاری رہی تو ایٹمی جنگ کو بعید از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

انہوں نے شام ، افغانستان، قرہ باغ اور یوکرین میں امریکہ کی جنگ بھڑکاؤ پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا اگلا نشانہ یورپ ہوگا۔

بیلاروس کے صدر نے کہا کہ مشرقی یورپ میں جوکچھ ہو رہا ہے اس کا فائدہ  صرف امریکہ کو پہنچ رہا ہے۔

الیگزینڈر لوکاشنکوف نے کہا کہ دنیا بھر کے سیاسی تنازعات میں امریکہ ملوث ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ دنیا اپنا توازن کھوچکی ہے اور تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سائنسی جریدے نیچر فوڈ میں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق، عالمی ایٹمی جنگ کی صورت میں دنیا میں پانچ ارب لوگ قحط اور بھوک کی وجہ سے ہلاک ہوجائیں گے۔

ٹیگس