ایران میں مسلح دہشتگردوں اور بلوائیوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری
ایران میں مسلح دہشتگردوں اور بلوائیوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ گھنٹوں کے دوران دہشتگردانہ کاروائیوں اور بلوے میں شریک مزید دسیوں عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق، ایران کے دارالحکومت تہران سمیت ملک کے کئی شہروں اور قریوں میں سرکاری، عوامی، مذہبی املاک کو نقصان پہنچانے اور عوام اور سکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں ملوث امریکی و صیہونی دشمن کے آلہ کار عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ صوبے ہرمزگان سے اطلاعات ہیں کہ دس عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ عناصر کے قبضے سے تین دستاز اسلحے، پینسٹھ بوتل بم، مختلف قسم کی چالیس بیٹریاں اور بم بنانے کے وسائل و آلات برآمد کئے گئے ہیں۔
اُدھر لرستان میں بھی بلوے کے دوران دہشتگردانہ اور تخریبی اقدامات کرنے والے سولہ عنصر کو پولیس گرفتار کرنے میں کامیاب رہی ہے جن میں سے نو جنگی اور شکاری ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار ہوئے جبکہ باقی چھے افراد ایسے تھے جو تخریبی کارروائیوں اور آتش زدگی کے واقعات میں ملوث تھے۔ دوسری طرف گرگان کے آزاد شہر علاقے میں بھی بلوائیوں کے ایک مکان کا پتہ لگا کر پولیس نے دشمن کے آلہ کاروں کو لیڈ کرنے والے ایک فرد کو اس کے اسلحے کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔
دارالحکومت تہران کے قدس علاقے میں بھی آلہ کار مسلح بلوائیوں کے ایک سرغنہ کے گرفتار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مذکورہ شخص بلوے کے دوران انجام پانے والے دہشتگردانہ اقدامات اور تخریبی کاروائیوں کی ویڈیو بنا کر انھیں دشمن میڈیا کے لئے ارسال کرنے کے مقصد سے تیار کئے ہوئے تھا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت سے پکڑے گئے عناصر میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو اب سے تین سال قبل ہوئے بلووں کے دوران بھی گرفتار کئے گئے تھے تاہم انہیں معافی دے دی گئی تھی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں ایران میں انجام پانے والی دہشتگردانہ کارروائیوں کو ملکی تاریخ میں سب سے بڑا دہشتگردانہ آپریشن قرار دیا جا رہا ہے جس کے دوران ملک بھر میں تقریبا آٹھ سو دکانوں، تین کتب خانوں، ایک سو اسی سے زائد ایمبولینسوں، دوسو ساٹھ سے زائد تعلیمی مراکز، دوسو ستر مساجد اور امام بارگاہوں، چودہ سو سے زائد اے ٹی ایم، سیکڑوں گاڑیوں، چار سینیما گھروں، کم از کم نوے بینکوں اور اسی سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو امریکی - صیہونی دشمن کے آلہ کار بلوائیوں اور مسلح دہشتگردوں نے اپنے نشانے پر لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بڑی تعداد میں عام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی شہید و زخمی کیا۔