امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان نے تباہی مچا دی 23 افراد لاپتہ
امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان ’’آئن‘‘ نے معمولات زندگی مفلوج کر دیئے ہیں، یہاں تک کہ علاقے کے اسکول اور ایئرپورٹس بند کر دیئے گئے۔
سحر نیوز/ دنیا:سمندری طوفان ’’آئن‘‘امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ 241 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچادی، درخت جڑوں سے اکھڑگئے، سیکڑوں گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں کیٹیگری 4 کے طوفان کے باعث موسلادھار بارشیں ہوئیں، بارشوں کے بعد فلوریڈا کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، تیز بارشوں اور سیلاب کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے،فلوریڈا میں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ ہے،اسکول اور ایئرپورٹس بند ہیں۔
فلوریڈا کے ساحل کے قریب پناہ گزینوں کی کشتی کو حادثہ پیش آگیا، کیوبا سے آنے والی کشتی طوفان کی زد میں آکر الٹ گئی، 23 افراد طوفان میں لاپتہ ہوگئے جبکہ 4 ساحل تک پہنچنے میں کامیاب رہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی میں زیادہ تر کیوبا سے آنے والے پناہ گزین تھے۔
حکام کے مطابق فلوریڈا میں اتنا شدید طوفان 100 سال کے دوران کبھی نہیں آیا تھا، انتظامیہ نے 20 لاکھ شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 5 ہزار نیشنل گارڈز کو الرٹ رکھنے کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
فلوریڈا سے قبل طوفان نے کیوبا میں تباہی مچائی جہاں طوفان سے سیکڑوں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔
200 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے نظام زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، مواصلاتی نظام تباہ ہوگیا اور 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔