امریکا میں وسط مدتی انتخابات، صدر بائیڈن پریشان، فیصلہ آج
امریکا میں وسط مدتی انتخابات کا عمل جاری ہے، ایوان بالا اور ایوان زیریں میں کس کا راج ہوگا فیصلہ آج ہو جائے گا۔
سحر نیوز/دنیا: ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی ایک تہائی یعنی 35 نشستوں کے لیے امریکی شہری حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، ری پبلیکن پارٹی کی معمولی برتری بائیڈن انتظامیہ کی مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز آمنے سامنے ہیں، سینیٹ میں خالی ہونے والی 35 نشستوں میں سے 21 ری پبلیکنز کے پاس ہیں جبکہ 14 نشستوں پر ڈیموکریٹس اپنی سیٹ کا دفاع کریں گے۔
موجودہ سینیٹ میں دونوں جماعتوں کے پاس 50 نشستیں ہیں اور حکمران جماعت کو صرف نائب صدر کے اضافی ووٹ کی برتری حاصل ہے، وسط مدتی انتخابات کے نتائج میں معمولی رد و بدل پارٹی پوزیشن کو تبدیل کر سکتا ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلن مسک نے امریکیوں کو ری پبلیکنز کو ووٹ دینے کا مشورہ دیا ہے۔
عوامی جائزے کی رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن کی غلط پالیسیوں کا فائدہ رپبلکن کو مل سکتا ہے اور سینیٹ میں ری پبلیکن کو معمولی برتری ملنے کا امکان ہے، جبکہ ایوان نمائندگان میں ری پبلیکن پارٹی کی پوزیشن کافی مضبوط دکھائی دیتی ہے۔