فیفا ورلڈکپ 2022؛ جاپان اور اسپین ناک آؤٹ مرحلے میں، سابق چیمپیئن جرمنی باہر
فیفا ورلڈکپ قطر بیس بیائس میں جاپان اور اسپین نے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
سحر نیوز/اسپورٹس: گزشتہ روز گروپ اِی کے دو میچز میں جاپان نے اسپین اور جرمنی نے کوسٹاریکا کو شکست دے دی ۔اس گروپ سے جاپان نے میچ جیت کر اور اسپین نے میچ ہارنے کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ جاپان اور اسپین کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جاپان نے اسپین کو دو ایک سے شکست دی۔
ناک آؤٹ مرحلے کیلئے ہر گروپ کے دو میچز ایک ہی وقت پر ہو رہے ہیں۔گروپ اِی میں جاپان نے چھے پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھا جبکہ اسپین اپنے چار پوائنٹس اور دوسری پوزیشن کے ساتھ میچ ہارنے کے باوجود بہتر گول اوسط سے ناک آؤٹ مرحلے کیلئےکوالیفائی کرلیا۔
گروپ ای کے دوسرے میچ میں سابق ورلڈ چیمپئن جرمنی نے کوسٹاریکا کو چار دو سے شکست دیکر گروپ میں چار پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی تاہم کوسٹاریکا کے ساتھ ساتھ جرمنی نے بھی فیفا ورلڈ کپ کو خیرباد کہا۔
نیچے دی گئیں تصاویر میں میچ میں کامیابی کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے میں نہ پہنچ پانے کے صدمے کو جرمن ٹیم کے کھلاڑیوں میں محسوس کیا جا سکتا ہے۔