Dec ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • برازیل اور کروشیا کوارٹر فائنل میں، پری کوارٹر فائنل کے آخری دو مقابلے آج

فٹبال ورلڈ کپ کے پری کواٹر فائنل کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کے روز کھیلے گئے دو سنسنی خیر مقابلوں میں برازیل نے جنوبی کوریا اور کروشیا نے جاپان کو ہرا کر کواٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ فٹ بال ورلڈ کپ میں آج آخری دو پری کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔

سحر نیوز/اسپورٹس: گزشتہ روز دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں برازیل کی ٹیم نے جنوبی کوریا کو چار ایک سے شکست دی اور اپنی فتح کو دنیائے فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی پیلے کے نام کیا۔ رپورٹ کے مطابق ان دنوں پیلے بیمار ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

اسکے علاوہ برازیل کی ٹیم نے ایک انوکھا ریکارڈ بھی قائم کیا جس میں وہ ۔ورلڈ کپ کی تاریخ میں وہ تینوں گول کیپرز سمیت تمام چھبیس کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کے دوران کھلانے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔

اُدھر دوسری جانب کروشیا اور جاپان کا سنسنی خیز مقابلہ ہوا جس میں کروشیا نے پینالٹی ککس پر جاپان کو تین ایک سے شکست دے دی۔

ایک سو بیس منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں پہلے جاپان نے تینتالیسویں منٹ پر ایک گول کر کے برتری حاصل کی تاہم کروشیا نے بھی پچپنویں منٹ پر گول داغا اور یوں میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا۔ اسکے بعد میچ کے فیصلے کے لئے بات پینالٹی ککس پر رکی جس میں کروشیا کے گول کیپر نے جاپان کے حملوں کو ناکام بنا دیا جبکہ جاپانی گول کیپر کروشیا کے شاٹس روکنے میں ناکام رہا اور یوں کروشیا نے اپنے سخت حریف جاپان پر تین ایک سے برتری حاصل کر کے میچ کو اپنے نام کر لیا۔

خیال رہے کہ راؤنڈ آف سکسٹین کا آج آخری روز ہے جس میں دو مقابلے ہوں گے؛ دوہزار دس کی چیمپئن ٹیم اسپین کا میچ مراکش سے ہوگا، گروپ میچز میں اسپین کی ٹیم نے تین میں سے ایک میچ جیتا، ایک ہار ااور ایک ڈرا کیا، مجموعی طور پر چار پوائنٹس کے ساتھ وہ ناک آؤٹ مرحلے میں آئی ہے۔

دوسری جانب گروپ میچز میں مراکش کی ٹیم ناقابل شکست رہی، اُس نے تین میں سے دو میچ جیتے جبکہ ایک ڈرا کیا اور اپنے گروپ ایف میں سات پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن لی۔

راؤنڈ آف سکسٹین کا آخری میچ آج رات پرتگال اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان ہوگا، پرتگال گروپ ایچ میں چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن کے ذریعے اس مرحلے میں داخل ہوئی ہے، ٹیم نے دو میچ جیتے جبکہ ایک میں اُسے شکست ہوئی، گروپ ایف کی نمبر ٹو ٹیم سوئٹزر لینڈ نے بھی چھ پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔

واضح رہے کہ اب تک چھے ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں جن میں نیدرلینڈ، ارجینٹینا، فرانس، انگلینڈ، کروشیا اور برازیل شامل ہیں۔

 

ٹیگس