برطانیہ میں غیر قانونی پناہ گزینوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ
برطانیہ کے وزیراعظم رشی سنک نے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ میں 5 نکاتی منصوبے پر تقریر کرتے ہوئے اپنا پالیسی بیان دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: برطانوی وزیراعظم رشی سنک نے کہا کہ بہت ہوگیا، اب غیر قانونی تارکین وطن کو واپس جانا ہوگا۔ ہم مزید اس بوجھ کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
رشی سنک نے کہا کہ پناہ گزینوں سے متعلق قانون اور نظام اب بیکار اور فرسودہ ہو چکا ہے جس میں تبدیلیاں ناگزیر ہوگئی ہیں کیوں کہ اب دشمن ریاستیں یورپی سرحدوں پر امیگریشن کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والوں کی اکثریت “محفوظ ممالک” سے ہوتے ہوئے یہاں پہنچتے ہیں۔ ان کا مقصد برطانیہ آنا ہی ہوتا ہے ورنہ راستے میں آنے والے دیگر محفوظ ممالک میں ہی رک جاتے۔
برطانیہ کے وزیراعظم رشی سنک نے غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے لیے 5 نکاتی منصوبے سے متعلق بتایا کہ اولین طور پر انگلش چینل کو عبور کرنے والی چھوٹی کشتیوں کی نگرانی کے لیے قائم کیے جانے والے نئے یونٹ میں 700 اہلکار تفویض کیے جائیں گے۔
ویراعظم رشی سنک نے مزید بتایا کہ برطانوی حکومت ایک قانون پاس کرے گی جو انگلش چینل عبور کرنے والے تارکین وطن کو اگلے سال کے اوائل میں برطانیہ میں قیام کرنے کا سد باب کرے گا۔