Dec ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • چین میں پھر چھایا کورونا کا قہر، لاکھوں ہلاکتوں کا خدشہ

چین کو اس وقت دنیا میں کورونا کی بدترین لہر کا سامنا ہے۔

سحر نیوز/دنیا: چین سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رواں ماہ دسمبر کے ابتدائی ہفتوں کے دوران چین میں پچیس کروڑ افراد کو کورونا وائرس کا سامنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین میں کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق چین میں آئندہ کچھ ماہ میں کورونا سے دس لاکھ افراد کے جانی نقصان کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

بعض ذرائع نے امریکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ دسمبر کے دوران چین میں تقریبا پچیس کروڑ افراد کورونا کی زد پر ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر اپنے بیان میں چینی صدر چی جن پنگ کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں کورونا کی روک تھام کے حوالے سے نئی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لیے نئے سرے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ چین میں بیرون ملک سے آنے والے افراد کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے لازمی قرنطینہ پابندی آٹھ جنوری سے ختم کی جا رہی ہے۔بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے دوہزار بیس میں قرنطینہ لازمی کیا گیا تھا اور پچھلے ماہ اس کی مدت پانچ روز کر دی گئی تھی۔

واضح رہے کے تقریبا تین برس قبل شروع ہوئی عالمی وبا کے حوالے سے امریکہ اور چین ایک دوسروں پر الزامات عائد کرتے رہے ہیں اور ہر ایک دوسرے کو کووڈ۔۱۹ نامی اس وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے رہا ہے۔

ٹیگس