Jan ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • امریکی صدر کے بعد اب سابق نائب صدر کے گھر سے بھی خفیہ دستاویزات برآمد

خفیہ دستاویزات سابق امریکی نائب صدر کے انڈیانا کے گھر سے ملیں جو انہوں نے ایف بی آئی کے سپرد کردی ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد سابق نائب صدر مائیک پینس کی رہائش گاہ سے بھی خفیہ دستاویزات برآمد ہوئیں ۔ سابق امریکی نائب صدر مائیک پینس کے انڈیانا کے گھر سے گزشتہ ہفتے خفیہ دستاویزات ملیں اور انہوں نے وہ خفیہ دستاویزات ایف بی آئی کے سپرد کردی ہیں۔

مائیک پینس کے نمائندے نے نیشنل آرکائیوز کو ایک خط بھیج کر دستاویزات کے حوالے سے آگاہ کیا اور ایک علیحدہ خط میں کہا کہ ایف بی آئی دستاویزات لینے کے لیے سابق نائب صدر کے گھر آئی تھی ۔ یہ دستاویزات ملنے کے ساتھ ہی مائیک پینس سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ صدر جو بائیڈن کی صف میں شامل ہو گئے ہیں جہاں ان دونوں کی رہائش گاہ سے بھی خفیہ دستاویزات ملی تھیں۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ صدر جوبائیڈن کی رہائش گاہوں سے ملنے والی خفیہ دستاویزات کے معاملے پر دونوں کو محکمہ انصاف کے سامنے پیش ہونا ہے جہاں ان دونوں پر ان خفیہ دستاویزات کے حوالے سے لاپرواہی برتنے کا الزام ہے۔

ہر صدارتی مدت کے اختتام پر خفیہ دستاویزات کو طے شدہ طریقہ کار کے تحت امریکی نیشنل آرکائیوز کی قانونی تحویل میں دیا جاتاہے اور ان دستاویزات کو جانتے بوجھتے یا انجانے میں اپنے پاس رکھنا غیرقانونی ہے تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ صدر جوبائیڈن اور سابق نائب صدر مائیک پینس نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

ٹیگس