جاپان سے جنوبی کوریا جانے والا جہاز ڈوب گیا، 9 لاپتہ
بحیرہ جاپان میں حادثے کے شکار مال بردار جہاز کے نو کارکنوں کے لاپتہ ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: جاپانی ذرائع کے مطابق لکڑی کے کندے، لے جانے والا ساڑھے چھے ہزار ٹن کا یہ جہاز جاپان کے جنوب مشرقی علاقے سے روانہ ہوا تھا۔
اس بحری جہاز کے بائیس کارکنوں میں سے چودہ کا تعلق چین، اور آٹھ کا میانمار سے بتایا گیا ہے۔ یہ جہاز جاپان سے جنوبی کوریا کے انچیون شہر کی جانب جا رہا تھا جب منگل اور بدھ کی درمیانی رات پونے دو بجے، اس کے عملے کی جانب سے امداد طلب کی گئی۔
جاپان کے ساحلی گارڈ کے اعلان کے مطابق یہ جہاز ناگاساکی اور جنوبی کوریا کے جیجو جزیرے کے قریب ڈوبا ہے۔ رویٹرز کی رپورٹ کے مطابق، اس مال بردار جہاز کے تیرہ کارکنوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ نو کی تلاش بدستور جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ موسم سرما میں یہ سمندری حصہ طوفانی ہواؤں کی زد میں رہتا ہے۔