بن گویر پر قاتلانہ حملے کے منصوبے کو ناکام بنانے کا صیہونی دعوی
غاصب صیہونی حکومت کی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ اندرونی سلامتی کے وزیر بن گویر کے قتل کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ٹیلی ویژن نے رپورٹ دی ہے کہ پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے جس نے اسرائیل کے اندرونی سلامتی کے وزیر بن گویر کو قتل کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
صیہونی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ بقول اس کے، اس شخص نے دہشت گرد گروہوں سے تربیت حاصل کی ہے اور ان گروہوں نے اس شخص کو اس قتل کے منصوبے پر عمل کرنے کے لئے اسے رقم بھی فراہم کی ہے۔
واضح رہے کہ بن گویر صیہونی کابینہ میں ایک انتہا پسند وزیر ہیں جنھوں نے مقبوضہ فلسطین میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی فلسطینیوں کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کا دائرہ نہایت وسیع کر دیا ہے جبکہ ہر صیہونی جارحیت پر فلسطین کی تحریک مزاحمت نے غاصب صیہونی حکومت کو سخت خبردار اور جارحانہ کارروائیوں کے نتائج پر انتباہ دیا ہے اور تاکید کی ہے کہ فلسطینی مجاہدین صیہونی کارروائیوں کا منھ توڑ جواب دیں گے۔