Mar ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • تین سال کے بعد چین نے اپنی سرحدیں کھول دیں

چین نے کورونا وبا پھوٹنے کے تین سال بعد پہلی مرتبہ آج سے تمام کیٹیگریز کے ویزے جاری کرنے کی اجازت دیتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سحر نیوز/دنیا: چین نے کووڈ 19 کے تدارک کے لیے سرحدوں پر نافذ کیے گئے پابندی کے سخت اس آخری اقدام کو بھی واپس لینے کا فیصلہ ایسے وقت میں لیا ہے کہ جب گزشتہ ماہ حکام کی جانب سے کورونا وائرس پر فتح کا اعلان کیا گیا تھا۔

سیاحت کی صنعت سے وابستہ اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحوں کے لیے ویزے کا اجرا دوبارہ شروع کرنا بیجنگ کی جانب سے چین اور دنیا کے درمیان سفری سہولیات کو معمول پر لانے کے لیے بڑی کوشش کو ظاہر کرتا ہے جس نے جنوری میں شہریوں کو غیر ملکی سفر سے روکنے کی اپنی ایڈوائزری واپس لے لی تھی۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کے وہ تمام علاقے جہاں وبائی مرض سے قبل ویزے کی ضرورت نہیں تھی وہاں ویزا فری انٹری بحال کردی جائے گی ۔

ہانگ کانگ اور مکاؤ سے چین کے سب سے خوشحال صوبے گوانگ ڈونگ میں غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری انٹری بھی دوبارہ بحال ہو جائے گی۔

2022 میں چین میں اور وہاں سے جانے کے لیے صرف 11 کروڑ 57 لاکھ سرحد استعمال کی گئی جن میں غیر ملکیوں کی تعداد تقریباً 45 لاکھ تھی، اس کے مقابلے میں کوویڈ 19 سے قبل 2019 میں مجموعی طور پر 67 کروڑ افراد نے چین کی سرحد کو استعمال کیا جن میں غیر ملکیوں کی تعداد 9 کروڑ 77 لاکھ تھی۔

ٹیگس