Apr ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کا اعتراف، اسرائیل کی کمزوری سمجھ گئے لوگ

صیہونی حکومت کے چینل- 13 کے فوجی رپورٹر نے رپورٹ دی ہے کہ دشمنوں نے ہماری کمزوریوں کو بھانپ لیا ہے اور وہ ہمیں چیلنج کرتے رہیں گے۔

سحر نیوز/ دنیا: صیہونی حکومت کے چینل- 13 کے عسکری رپورٹر ایلون بن ڈیوڈ نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی سیکورٹی سروسز کے اندازوں میں اسرائیلیوں کے لیے "سیاہ" دنوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے اور اس بات کا امکان موجود ہے کہ رمضان المبارک کے بقیہ دنوں میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی شہاب کے مطابق ایلون بن ڈیوڈ نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل کے دشمنوں کو ہماری موجودہ کمزوریوں کا ادراک ہو گیا ہے اور ہم ایک نئی حقیقت کا سامنا کریں گے اور اس طرح وہ اسرائیل کو چیلنج کرتے رہیں گے۔

اس سلسلے میں صیہونی حکومت کے چینل-13 پر عربی امور کے مبصر حیزی سمانتوف نے تاکید کی کہ میں نہیں سمجھتا کہ رمضان المبارک کے اختتام کے ساتھ ہی کشیدگی ختم ہو جائے گی، فلسطینی سیکورٹی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ہمیں ایسی مسلح تنظیموں کا سامنا ہے جو خاص طور پر جنین اور نابلس شہروں میں کارروائیاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اسرائیلی حکومت کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ گزرنے والی لہر نہیں ہے اور فلسطینی محاذ اس سال اسرائیل کے لیے اہم اسٹریٹیجک خطرات میں سے ایک بن گیا ہے۔ اس اختلاف کے باوجود کہ صیہونی حلقوں نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب حکمت عملی کا تعین کیا ہے، ان سب کا خیال ہے کہ فلسطینی کارروائیوں کی نئی لہر گزشتہ برسوں سے تل ابیب کے لیے سب سے زیادہ خطرناک خطرات میں سے ایک ہے۔

ٹیگس