زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر کو ایک بار پھر تباہی کا خطرہ
آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی نے یوکرین میں زاپوریژیا بجلی گھر کے اطراف جھڑپوں میں شدت آنے کی جانب سے خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: رافائل گروسی نے جمعے کی رات کو ایک بیان جاری کیا جس میں درج ہے کہ زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر بھیجے گئے معائنہ کاروں نے رپورٹ دی ہے کہ انہیں گذشتہ ایک ہفتے سے لگاتار گولہ باری کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
رپورٹ میں ایک معائنہ کار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ایک بار گولہ باری نے اتنی شدت اختیار کرلی کہ عملے اور معائنہ کاروں کو محفوظ مقام پر پناہ لینا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ زاپوریژیا بجلی گھر یورپ کا سب سے بڑا ایٹمی بجلی گھر سمجھا جاتا ہے جسے جنگ یوکرین کی ابتدا سے لیکر اب تک متعدد بار تباہی کا خطرہ لاحق ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اگر یہ بجلی گھر حملوں کی زد میں آیا تو اس کا نتیجہ چرنوبل حادثے سے کہیں بدتر ثابت ہوگا۔
آئی اے ای اے کے سربراہ نے گذشتہ مہینے بھی زاپوریژیا کے ڈیزل جنریٹروں پر راکٹ حملے اور اس ایٹمی بجلی گھر کو ٹھنڈا کرنے والے نظام کی مسلسل بجلی کٹنے کی جانب سے خبردار کیا تھا ۔ رافائل گروسی متعدد بار اس بجلی گھر کے اطراف قیام امن کی اپیل کرچکے ہیں ۔