نیوزی لینڈ میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری
نیوزی لینڈ کے مقامی وقت کے مطابق آج صبح 4 بجکر 11 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے یہ زلزلہ نیوزی لینڈ کے جزائر کرماڈیک پر آیا جس کی شدت 7.3 تھی ۔ زلزلے کا مرکز زمین کے نیچے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے سے 900 کلومیٹر شمال مشرق میں کرماڈیک جزیرے کے قریب 49 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق زلزلے سے ہوائی اور پیسفک ریجن کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
نیوزی لینڈ کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا زلزلہ نیوزی لینڈ کو دوبارہ متاثر کر سکتا ہے کہ نہیں ۔ لوگوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
زلزلے کے آنے کے بعد امریکی سونامی وارننگ سسٹم کا کہنا ہے کہ 7.3 شدت کے زلزلے کے بعد علاقے میں سونامی کا خطرہ ہے۔ اسی دوران پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے زلزلے کے جھٹکوں کے باوجود بحرالکاہل کے علاقے میں سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اس سے قبل مارچ کے مہینہ میں بھی نیوزی لینڈ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.0 تھی ۔