امریکہ میں بھی بڑھ رہی ہے فلسطینیوں کی حمایت
امریکہ میں ایک نئے سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی حکومت کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے ووٹروں کی حمایت میں کمی کا رجحان جاری ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: ایسی حالت میں کہ جب مقبوضہ فلسطین میں احتجاجی مظاہروں نے صیہونی حکام کی تشویش میں شدت پیدا کر دی ہے، امریکہ میں ایک سروے کے نتیجے میں تل ابیب کے لیے ڈیموکریٹس کی حمایت میں کمی سرخیاں بنا ہوا ہے۔
صیہونی حکومت اور فلسطینیوں کے تئیں امریکی رائے عامہ کے موضوع پر یونیورسٹی آف میری لینڈ کا تازہ ترین سروے شائع کیا گیا۔
اس سروے میں قابل غور نکتہ صیہونی حکومت کے لیے امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ووٹروں کی حمایت کی سطح ہے۔ یونیورسٹی آف میری لینڈ کے سروے کے نتائج کے مطابق امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے حامیوں کی صیہونی حکومت کی حمایت میں کمی کا رجحان جاری ہے۔
اس سروے کا ایک موضوع جس نے کافی سرخیاں بنائی ہیں وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے حامیوں میں سے 44 فیصد کا یہ خیال ہے کہ وہ صیہونی حکومت کو نسل پرست سمجھتے ہیں۔
یہ سروے 27 مارچ سے 5 اپریل کے دوران مجموعی طور پر 1203 امریکیوں کے درمیان کرایا گیا ہے۔