کورونا وائرس مکمل طور پر ختم ہونا ناممکن : عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت کے ہنگامی پروگراموں کے ڈائریکٹر مائیکل رایان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو ختم کرنے کے خاص اور خصوصی معیارات ہیں اور اس وائرس کو مکمل طور پر ختم کرنا ناممکن ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق مائیکل رایان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن اور علاج کے ذریعے صحت عامہ کے خلاف کورونا وائرس کے خطرے کو ختم کرنا ممکن ہے اور ہنگامی صورت حال کو ختم کیا جا سکتا ہے لیکن اس وائرس کو جڑ سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے بھی جمعہ کے روز کورونا وائرس کے تعلق سے ہنگامی صورت حال کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے اسے انسان کی سلامتی کے لیے بدستور ایک خطرہ قرار دیا تھا۔ انھوں نے اس کے ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ اس کا مطلب کورونا وائرس کے خطرے کا ختم ہونا نہیں ہے اور اس وائرس کے دوبارہ پھیلنے کا خطرہ بدستور موجود ہے۔
انھوں نے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ستر لاکھ سے زائد بتاتے ہوئے کہا کہ ممکنہ طور پر کم از کم دو کروڑ افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔