May ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • 500 مہاجروں کو لے جانے والا جہاز بحیرہ روم میں لاپتہ

پانچ سو غیرقانونی مہاجروں کو یورپ لے جانے والا جہاز بحیرہ روم میں لاپتہ ہوگیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: الارم نام کے امدادی گروہ نے اعلان کیا ہے کہ اس جہاز سے آخری بار بدھ کو رابطہ ہوا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس جہاز کا انجن لیبیا سے تین سو بیس کلومیٹر کے فاصلے پر جا کر بند ہوگیا اور آخری اطلاع تک یہ جہاز مالٹا سے چار سو کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں سرگرداں تھا۔ 

مزید افسوسناک خبر یہ ہے کہ اس جہاز کے پانچ سو مسافروں میں ایک نوزائدہ بچہ اور کئی حاملہ خواتین بھی شامل ہیں ۔ 

جمعرات کو اٹلی کے ساحلی گارڈ فورس نے دو الگ الگ جہازوں سے چار سو اور سات سو مہاجروں کو بچایا تھا تاہم ان پناہ گزینوں کا مذکورہ گمشدہ جہاز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ اطالوی حکومت کے اعلان کے مطابق، شروع سال سے اب تک سینتالیس ہزار غیرقانونی پناہ گزین سمندر کے راستے اٹلی پہنچے ہیں جن کی تعداد گذشتہ سال کے مقابلے میں اٹھارہ ہزار زیادہ بتائی جا رہی ہے۔  دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پناہ گزین مغربی ممالک کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں اور ان کی پیدا کردہ مشکلات اور جنگوں کے نتیجے میں اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوتے ہیں تاہم یورپی ممالک ان کے داخلے پر ہزاروں قسم کی پابندیاں اور رکاوٹیں عائد کرکے ان کی زندگی اور بھی اجیرن بنائے ہوئے ہیں۔   

ٹیگس