دہشت گردی کے خلاف ایران، چین اور پاکستان کا پہلا سہ فریقی اجلاس
انسداد دہشت گردی کے خلاف ایران، چین اور پاکستان کا پہلا سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا ہے۔
فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیجنگ میں تینوں ممالک نے علاقائی انسداد دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اجلاس کو مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی جنوبی ایشیا میں وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر سید رسول موسوی، پاکستان کی وزارت خارجہ میں انسداد دہشتگردی کے ڈائریکٹر عبدالحمید اور چین کی وزارت خارجہ کے امور میں سلامتی کے ڈائریکٹر بای تیان نے اجلاس میں شرکت کی۔
پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں آئے دن دہشتگردانہ کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں اور دہشتگردی کا تازہ واقعہ 20 مئی کو ایران کے سرحدی علاقے سراوان میں پیش آیا جہاں پاکستان کی سرزمین سے دہشتگرد ایرانی سرزمین میں داخل ہوئے اور مزه سر سرحدی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایرانی سرحدی فورس کے 5 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔ واقعہ کے بعد دہشتگرد پاکستان کی جانب فرار کر گئے۔