Jul ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • تین کشتیوں پر سوار کم ازکم 300 تارکین وطن لاپتا

تین کشتیوں پر سینیگال سے اسپین کے کینری جزائر جانے کی کوشش کرنے والے کم ازکم 300 تارکین وطن لاپتا ہوگئے۔

سحر نیوز/ دنیا: رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق تارکین وطن کے امدادی گروپ واکنگ بارڈرز کی ہیلینا مالینو نے بتایا کہ اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے کے لیے سینیگال سے نکلنے والی 2 کشتیاں 15 روز سے لاپتا ہیں، جن میں سے ایک میں تقریباً 65 افراد اور دوسری میں 50 سے 60 افراد سوار تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تیسری کشتی 27 جون کو سینیگال سے روانہ ہوئی تھی، جس میں تقریباً 200 تارکین وطن سوار تھے۔

ہیلینا مالینو نے بتایا کہ ان افراد کے کشتیوں میں بیٹھنے کے بعد سے ان کا اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

مغربی افریقہ کے ساحل سے دور کینری جزائر اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی اہم منزل بن گئی ہے، جہاں بہت کم تعداد میں لوگ بحیرہ روم کو عبور کر کے ہسپانوی سرزمین پر جانے کی کوشش کر رہے ہیں، سرحد پار کی تمام کوششوں کے لیے موسم گرما سب سے مصروف ترین دور ہے۔

اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت کے اعداد و شمار کے مطابق کینری جزائر پہنچنے کی کوشش میں 2022 کے دوران 22 بچوں سمیت کم از کم 559 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ٹیگس