سویڈن حکومت، صیہونی لابی سے متاثرہے: ترک میڈیا
ایک ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ سویڈن کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت، صیہونی لابیوں سے متاثر ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: ترک اخبار ینی شفق نے اپنی ایک رپورٹ میں سویڈن کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت اور اس ملک میں اسلامی مقدسات کی بے حرمتی کو اسٹاک ہوم کی پالیسیوں سے بالاتر قرار دیا اور یورپ میں صیہونی لابیوں کے مذموم کردار پر روشنی ڈالی۔
ترک اخبار ینی شفق نے اپنی ایک رپورٹ میں دہشت گردی کی حمایت اور اسلامی مقدسات پر حملہ کرنے پر اسٹاک ہوم کے اصرار پر لکھا ہے کہ یہ ایک گہری سوچی سمجھی پالیسی کا حصہ ہے اور سویڈش حکومت کے دائرہ کار سے ہٹ کر بھی تحقیقات کی جا سکتی ہیں۔
الجزیرہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے ایک تجزیہ نگار کمال اوزر کی تیار کردہ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مغرب کے ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد ترکیہ کو مشکل صورتحال میں ڈالنا ہے کیونکہ انقرہ کے روس کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور یہ تعلقات عسکری، اقتصادی اور سیاسی طور پر ترقی کر رہے ہیں۔
اوزر نے اپنی رپورٹ میں نشاندہی کی کہ سویڈن کی طرف سے دہشت گردی کی حمایت اور اسلامی مقدسات کی بے حرمتی کا، جیسے قرآن پاک کو بار بار جلانا، گہرا مطلب ہونا چاہیے۔
تجزیہ نگار مزید لکھتے ہیں کہ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد انقرہ کو اپنے محاصرے میں لے کر ترک صدر رجب طیب اردوغان کو ایک ایسے رہنما کے طور پر دکھانا ہے جو یورپی ممالک کو نیٹو کے فوجی اتحاد میں شامل ہونے سے روکتے ہیں، اس سے ہمارے ملک کی خاص طور پر یورپ کے عوام پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔