جزیرہ تائیوان کے گرد 100 سے زائد جنگی طیاروں کی پروازیں
تائیوان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک دن میں جزیرہ نما تائیوان کے اردگرد ایک سو سے زیادہ چینی جنگی طیاروں کی پروازوں کا پتہ چلایا ہے جو اب تک شناخت کی جانے والی سب سے زیادہ پروازیں ہیں-
سحرنیوز/دنیا: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی تائیوان کے لئے حمایت، سیاسی شخصیات کے دوروں اور ہتھیاروں کی فراہمی کے بعد تائیوان کے اردگرد چینی جنگی طیاروں اور بحری جنگی جہازوں کے گشت کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق تائیوان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس کے دفاعی نظام نے تائیوان گزرگاہ اور علاقے میں 103 چینی جنگی طیاروں کی پرواز کا ایک دن میں پتہ چلایا ہے جو اب تک پتہ لگائی جانے والی سب سے بڑی تعداد ہے اور اس سے تائیوان گزرگاہ اور علاقے کی سیکورٹی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ تائیوان وزارت دفاع نے کہا کہ چین کی جانب سے مسلسل فوجی خوف و ہراس علاقے میں موجود کشیدگی کو آسانی سے ہوا دے سکتا ہے اس لئے چین کو فوری طور پر یک طرفہ تباہ کن اقدامات کو روک دینا چاہیے۔ یاد رہے کہ چین تائیوان کو اپنا علاقہ سمجھتا ہے اور اس کے الحاق یا ضرورت پڑنے کی صورت میں طاقت کے استعمال سے اسے واپس لینے کی بات کرتا ہے اور اس نے گزشتہ چند سالوں میں اپنی ڈپلومیٹک اور ملٹری دباؤ کی کوششوں میں اضافہ کر دیا ہے۔